الطاف کے کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ختم۔ نوائے وقت
برطانوی پولیس سکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ کے سربراہ الطاف حسین کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ ختم کر دیا۔ پولیس کا موقف ہے کہ ثبوت ناکافی تھے تاہم اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ برقرار ہے۔ اس پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
منی لانڈرنگ کیس سے پاکستان کا تعلق نہیں تھا۔ یہ خود برطانوی پولیس نے عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کے دوران الطاف کے گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 5 لاکھ پائونڈ کی بھاری رقم برآمد ہونے پر قائم کیا تھا۔ برطانوی قانون کے مطابق 5 ہزار پائونڈ کی برآمدگی
پر منی لانڈرنگ کیس بن جاتا ہے۔اب برطانوی پولیس منی لانڈرنگ کیس میں عدم ثبوت کا جواز پیش کر رہی ہے۔ عمران فاروق قتل اور اشتعال انگیز زبان کے استعمال کے کیس میں برطانیہ کی کیا دلچسپی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تو اپنی دلچسپی کے کیس کو بھی اہمیت نہیں دی۔ بادی النظر میں منی لانڈرنگ کیس الطاف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے ختم کیا گیا مگر برطانیہ کو احساس ہونا چاہئیے کہ انکے شفاف عدالتی سسٹم اور کردار پر دنیا میں بے توقیری ہو رہی ہے۔ چرچل نے جس انصاف کی عملداری پر کہا تھا کہ برطانیہ کو کوئی طاقت جنگ میں شکست نہیں دے سکتی، آج اس برطانوی انصاف کا چہرہ داغدار ہو رہا ہے۔ جو برطانوی پولیس دنوں میں معمے سلجھانے کی شہرت رکھتی ہے۔ اسکے پاس عمران فاروق قتل کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ملزم اعتراف کر چکے ہیں قتل کی کڑی سے کڑی مل چکی ہے مگر مقدمے میں پیش رفت نہیں ہو رہی۔
No comments:
Post a Comment